2کروڑ ڈالرز مالیت کی سگریٹ کی برآمد روکنے کی کوشش

03 جون ، 2024

اسلام آباد (مہتاب حیدر) پاکستان سے دو کروڑ ڈالرز مالیت کی سگریٹ کی برآمد کا آرڈر روکنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔جس کے لئے مختلف جواز بنائے جارہے ہیں ۔ باخبر ذرائع سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایس آر او میں ترمیم کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ جو بچوں کو سگریٹ کی فروخت سے متعلق قانون کے بارے میں ہے، اس کے تحت سگریٹوں کے چھوٹے پیکٹوں کی فروخت کی اجازت ہوتی ہے۔ یہ فریم ورک کنونشن آن ٹوبیکو کنٹرول(ایف سی ٹی سی) کے مقررہ پیمانے پر پورااترتا ہے ۔ پاکستان میں20 سگریٹوں کے پیکٹ فروخت کرنے کی اجازت ہے ۔ مذکورہ اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان ٹوبیکو کمپنی (پی ٹی سی) نے ایس آراو کے رول 2 کے ذیلی رول-3 میں ترمیم کی درخواست کی ہے تاکہ 10 سگریٹس پر مشتمل پیکٹوں کی سوڈان برآمد کو ممکن بنایا جاسکے ۔پاکستان میں صرف 20 سگریٹوں پر مشتمل پیکٹس فروخت کرنے کی اجازت ہے ۔ تاکہ ایف سی ٹی سی کی شرائط کی تعمیل کی جاسکے ۔ ایف سی ٹی سی کے آرٹیکل16(3)کی روشنی میں مجوزہ ترامیم کمیٹی میں زیر غور آئیں ۔ جس کا پاکستا ن بھی دستخط کنندہ ہے۔ قانون و انصاف ڈویژن نے اس اجلاس میں شرکت نہیں کی ۔ وزارت قانون کی رائے کے بغیر اجلاس کی تفصیلات وزیر اعظم کو پیش کردی گئیں ۔ وزیراعظم کے دفتر نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے سرکاری نکات پر مشتمل تفصیلات کمیٹی کو واپس کردیں ۔دریں اثنا ءوزیراعظم آفس نے معاملہ قانون و انصاف ڈویژن کو واپس کرتے ہوئے ازسرنو جائزے کی ہدایت کے ساتھ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ وزارت قانون کا موقف ہے کہ ایف سی ٹی سی کے مذکورہ آرٹیکل کے تحت سگریٹ کھلے یا 10 کے پیکٹ میں فروخت کرنے پر پابندی ہے ۔