مسئلہ غربت نہیں مہنگائی،مشیر خزانہ کا یہ عجیب طریقہ ہے ،حسن نثار

29 نومبر ، 2021

کراچی (ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ عمران خان کی بات صحیح ہے کہ مفرور کا تقریر کرنا افسوسناک ہے لیکن کسی بات پر دکھ یا رنج ہونا اس کی کچھ شرائط ہوتی ہیں۔ مشیر خزانہ کہتے ہیں اصل مسئلہ غربت نہیں مہنگائی ہے ،یہ عجیب طریقہ ہے غربت یا مہنگائی کو ڈیفائن کرنے کاپاکستان کا اقتصادی، عدالتی اور سیاسی نظام غیر منصفانہ ہے، وہ جیو نیوز کے پروگرام میرے مطابق میں میزبان مریم ظفر سے گفتگو کر رہے تھے، انہوں نے نسلہ ٹاور کے حوالے سے سعید غنی کے بیان پر کہا کہ انہوں نے نامکمل بات کی ہے پاکستان میں سیاسی ٹاور بھی ہیں جو جان نہیں چھوڑ رہے، نسلہ اور بد نسل ٹاور ہر شعبے میں ہیں صرف کراچی میں نہیں ہے۔ اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نون لیگ کا ماضی کیلیبری فونٹ ہے، اس حوالے سے کہا کہ انہوں نے بہت لحاظ کیا ہے ان کا ماضی اس فونٹ سے کہیں بڑھ کر ہے۔ پاکستانی ریسرچز کے 250 پی ایچ ڈی کے مقالے مسترد کر دیئے گئے ہیں جو کاپی کئے گئے تھے اور اس میں زیادہ تر قائد اعظم یونیورسٹی کے اساتذہ تھے، حسن نثار نے اس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جناح ایسے آدمی تھے جن کے حریف ان کی دیانت کی قسم کھاتے تھے اور ان کے نام پر بنی ہوئی یونیورسٹی کے اساتذہ یہ کر رہے ہیں۔ مہنگائی میں واسا نے بھی اپنا حصہ ڈالنے کا فیصلہ کرلیا ہے میں کہتا ہوں اب لوگ اونٹ کی طرح پانی بھی اپنے اندر ذخیرہ کرلیں۔ یہ پانچ سال میں بتدریج ہوگا حکومت کو چاہئے تھا اپنے دو سال کی حد تک کا اعلان کرتی۔شجاع آبادی سرائیکی شاعر کی سائیکل پر اسپتال جاتے ہوئے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرہو رہی ہے یہ ملک جوکروں اور مسخروں کے لئے ہے ان کے لئے ایئر ایمبولنس ہوجاتی ہے جبکہ وہ شاعر اور دانشور ہیں۔ فوجی ادوار میں عام آدمی کے حالات بہتر رہتے ہیں اس سوال کے جواب میں کہا کہ یہ بات زبان زدِ عام ہے اور یقینا فوجی دور بہتر ہوتا ہے کیوں کہ اس میں ڈسپلین ہوتا ہے۔ اب تو یہ ہے کہ جمہوریت پہنو جمہوریت کھاؤ چاٹو پیو جو کرنا ہے کرو اچھا ہے عوام کا جمہوریت کا شوق اچھی طرح پورا ہوجائے۔