پرامید ہیں ایس آئی ایف سی سگریٹ پر ٹیکس میں 26فیصد اضافہ کی سفارش کریگی ،سپارک

05 جون ، 2024

اسلام آباد (نامہ نگار) مہم برائے تمباکو فری کڈز (سی ٹی ایف کے) کنٹری سربراہ ملک عمران احمد نے کہا کہ تمباکو مصنوعات پر ٹیکس میں اضافے سے حکومت کی آمدن بڑھے گی۔ بچوں کی فلاح و بہود کیلئے کام کرنے والی تنظیم سوسائٹی فار دی پروٹیکشن آف دی رائٹس آف دی چائلڈ (سپارک) نے معیشت میں بہتری کے لئے سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھی معیشت کو فروغ دینے کے لئے غیر ضروری اشیاء پر ٹیکس میں اضافے کی بات آتی ہے تو تمباکو اس میں سرفہرست ہوتا ہے۔ ماہرین صحت پرامید ہیں کہ ایس آئی ایف سی سال 2024-25 کے آئندہ بجٹ میں سگریٹ پر ٹیکس میں 26 فیصد اضافے کی سفارش کرے گی۔ کیونکہ اگر ٹیکس لگے گا تو معیشت کی بہتری اور صحت عامہ دونوں کے لئے سود مند ثابت ہوگا۔ ایک بیان میں ماہرین صحت نے کہا کہ مذکورہ ٹیکس لگا کر 17ارب ریونیو حاصل ہوگا جسے صحت عامہ کے شعبہ جات میں لگا کر 19.8 فیصد کی طویل مدتی بچت ممکن بنائی جاسکتی ہے۔ سی ٹی ایف کے ملک عمران احمد نے کہا کہ پاکستان میں تمباکونوشی کا استعمال کرنے والوں میں اس وقت نوجوانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ کیونکہ پاکستان کی کل آبادی کا 64% حصہ 30 سال سے کم عمر کا ہے۔ جب کہ 29% کی عمریں 15 سے 29 سال کے درمیان ہیں۔ پاکستان میں ہر روز تقریباً 1200 بچے سگریٹ نوشی شروع کرتے ہیں۔ یہ تعداد ہر سال تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ پروگرام مینیجر سپارک ڈاکٹر خلیل احمد نے کہا کہ اس وقت معیشت کی مضبوطی اور پاکستانی بچوں کو تمباکو نوشی سے بچانے کے لئے اہم فیصلے ناگزیر ہیں۔ زیادہ قیمتیں تمباکو مصنوعات کی فروخت میں کمی لانے اور نوجوانوں کو اس طرف کم سے کم راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔