چینی کے ایکس ملز ریٹ 55روپےتک کم ,پرچون پر اب بھی 105سے 110

29 نومبر ، 2021

اسلام آباد( حنیف خالد ) 25یوم کے اندر چینی کے ایکس ملز ریٹ 55روپے کلو تک کم ہو گئے ہیں مگر پرچون کی سطح پر چینی کی قیمت مختلف شہروں میں اب بھی 105سے 110روپے وصول کی جا رہی ہے حالانکہ پاکستان میں چینی کے کم سے کم ایکس ملز ریٹ 85روپے پچاس پیسے فی کلو تک ہو گئے ہیں جو لوئر سندھ کی شوگر ملوں کے ہیں۔ اپر سندھ کی شوگر ملوں کے ایکس ملز ریٹ اتوار 28نومبر کو 86روپے کلو رہے جبکہ جنوبی پنجاب کی شوگر ملوں کے کلوزنگ ایکس ملز ریٹ 86روپے پچاس پیسے فی کلو ہو گئے۔ سنٹرل پنجاب کی شوگر ملوں کے ایکس ملز ریٹ کی کلوزنگ 87روپے کلو پر ہوئی۔ خیبر پختونخوا کی شوگر ملوں کے کلوزنگ ایکس ملز ریٹ اتوار کو 87روپے پچیس پیسے تک نیچے آ گئے۔ جبکہ 26روز پہلے 3نومبر کو پاکستان کی تاریخ کی مہنگی ترین چینی شوگر ملوں نے 140روپے کلو بیچی تھی اور صارفین کو کلو دو کلو چینی ایک سو ساٹھ روپے سے زیادہ پر خریدنے پر مجبور کیا گیا۔ حکمرانوں کے کانوں پر اس بات کی جوں تک نہیں رینگتی کہ جب چینی کے ریٹ بڑھ رہے تھے تو پرچون فروش اسی دن پرچون ریٹ بڑھا دیتے تھے اور ضلعی انتظامیہ مجرمانہ غفلت کی مرتکب ہوتی رہی لیکن اب جبکہ پچیس یوم میں چینی کے ریٹس میں 55روپے تک کمی ہو گئی ہے۔