کلب میں میوزک کنسرٹ ، کینال روڈ پر بدترین ٹریفک جام

29 نومبر ، 2021

لاہور(کر ائم رپو رٹرسے) کینال روڈ کے ایک کلب میں میوزک کنسرٹ کی وجہ سےبدترین ٹریفک جام کے نتیجے میں مال روڈ، دھرم پورہ اور مغلپورہ تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔کینال روڈ پر مسلم ٹاؤن سے مغلپورہ چوک تک لوگ 4 گھنٹے سے زیادہ جام ٹریفک میں پھنسے رہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ٹریفک وارڈنز بھی ٹریفک کو بحال کرنے میں ناکام رہے اور انہوں نے راستے بحال کرنے کی بجائے فیروزپور روڑ و دیگر سڑکوں سے نہر پر چڑھنے والی ٹریفک کوروکنے کے لئے بیرئیر اور ٹرک کھڑے کر کے کینال روڈ کی طرف جانے والے متعدد راستے بند کردئیے۔جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور شہری گھنٹوں جام ٹریفک میں پھنسے رہے۔عام ٹریفک کے علاوہ شادیوں پر جانے والی فیملیز اور چھٹی کے روز سیرو تفریح کے لیے نکلنے والے شہریوں کو شدید پریشانی ومشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ ٹریفک حکام کو بھی کوستے رہے۔اس صورتحال میں ٹریفک وارڈنز بھی بے بس نظر آئے۔ معلوم ہوا ہے کہ کلب کی پارکنک فل ہونے کے بعد شرکا ءنے گاڑیاں مین کینال روڈ پر پارک کردی تھیں۔ اس صورت حال کی وجہ سے سی ٹی او لاہور منتظر مہدی خود مذکورہ کلب جانا پڑا۔ انہوں نے اپنی نگرانی میں رانگ پارک گاڑیوں کو وہاں سے نکلوایا، اور مالکان کےخلاف کارروائی کا حکم دیا۔