زیادہ قیمتوں کی وجہ سے سگریٹ کی کھپت میں نمایاں کمی ہوئیسینٹر فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ

06 جون ، 2024

اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان میں زیادہ قیمتوں کی وجہ سے سگریٹ کی کھپت میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، سینٹر فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ کے ایک سروے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ٹیکس لگانا سگریٹ کے استعمال کو کنٹرول کرنے اور اس پر قابو پانے کے لیے اہم ہے۔سی آر ڈی کی ڈائریکٹر مریم گل طاہر نے کہا کہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ( ایف ای ڈی) کے نفاذ کے بعد سگریٹ کی کھپت میں 11 ارب اسٹکس سے زائد کی کمی آئی ہے۔ایسے اقدامات پاکستان سگریٹ کی کھپت کو کم کرنے، صحت عامہ کے نتائج کو بہتر بنانے، اور ساتھ ہی ساتھ تمباکو کی مصنوعات پر بڑھے ہوئے ٹیکس کے ذریعے حکومتی محصولات کو بڑھانے کے لیے ایک آزمودہ طریقہ اختیار کر سکتا ہے۔"ڈبلیو ایچ او کے مطابق، تمباکو پر ٹیکس میں 10 فیصد اضافہ عام طور پر زیادہ آمدنی والے ممالک میں تمباکو کی کھپت میں 4 فیصد اور کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں تقریبا 8 فیصد تک کمی لاتا ہے۔ بہت سارے تحقیقی مطالعات اور سروے نے توثیق کی ہے کہ ٹیکس میں اضافہ سگریٹ کی کھپت کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔ سی آرڈ ی کے ایک حالیہ سروے نے تمباکو نوشی کی عادات میں نمایاں تبدیلی کو اجاگر کیا ہے، جس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 18 فیصد جواب دہندگان نے سگریٹ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے تمباکو نوشی چھوڑ دی ہے۔ 63 فیصد جواب دہندگان کا خیال ہے کہ تمباکو کی زیادہ قیمتیں تمباکو نوشی کی شرح کو کم کرتی ہیں۔