کوروناکی نئی قسم اومیکرون پھیلنا شروع، کئی ممالک میں پابندیاں، سرحدیں بند

29 نومبر ، 2021

دی ہیگ ، کراچی(اے ایف پی، نیوز ڈیسک) کورونا کی نئی قسم اومیکرون دنیا بھر میں پھیل گئی، کئی ممالک نے اپنی سرحدیں بند کردیں،دوبارہ سے نئی پابندیاں عائد، امریکا کا کہنا ہے کہ وہ نئی قسم کے کیسز سے نمٹنے کی تیاری کررہے ہیں، امریکی حکام کے مطابق 8افریقی ممالک پرسفری پابندیاں پیر کے روز سے شروع کردی جائیں گی ، برطانیہ میں کورونا وائرس کے مزید 37ہزار 681کیسز سامنے آگئے جبکہ مزید 51افراد موت کے منہ میں چلے گئے ، برطانوی ہیلتھ سیکورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ ملک میں اومیکرون کے تیسرے کیس کی تصدیق کردی گئی ہے ،جرمنی میں محکمہ صحت کے حکام نے بھی اپنے ملک میں او میکروں کے تیسرے کیس کی تصدیق کردی گئی ہے ،ڈنمارک نے جنوبی افریقا سے آنے والے دو مسافروں میں کورونا کی نئی قسم کی تصدیق کی ہے،فرانسیسی محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ فرانس میں ممکنہ طور پر کورونا کی نئی قسم اومیکرون پہنچ گئی ہے ، فرانس میں کورونا کی پانچویں لہر جاری ہے اور ہفتے کے روز وہاں 37ہزار نئے کیسز سامنے آئے تھے، آسٹریلیا میں بھی نئی قسم کے دو کیسز سامنے آگئے، جنوبی افریقا میں سب سے پہلے سامنے آنے والی کورونا کی نئی قسم اومیکرون اب تک نیدرلینڈ، ڈنمارک، بلجیم ، بوٹسوانا، جرمنی، ہانگ کانگ، اسرائیل ، اٹلی اور برطانیہ تک پھیل چکا ہے، فلپائن نے 7افریقی ممالک کے علاوہ 7یورپی ممالک بشمول آسٹریا، چیک ریپبلک، ہنگری ، نیدر لینڈ ، سوئٹزرلینڈ ، بلجیم اور اٹلی کو 15دسمبر تک ریڈ لسٹ میں ڈال دیا ہے اور ان ممالک کے مسافروں کے ملک میں داخلے پر پابندی لگادی ۔ مراکش نے بھی ملک آنے والی تمام پروازوں پر دو ہفتوں کیلئے پابندی عائد کردی ہے۔بحرین، سعودی عرب اور سوڈان نے تمام افریقی ممالک سے پروازوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے ۔