رحیم یار خان میں طالبہ کوخسرہ کی ڈبل ویکسین لگا دی گئی‘حالت خراب

29 نومبر ، 2021

رحیم یار خان (سٹی رپورٹر ) محکمہ صحت کی ٹیم نے11 سالہ طالبہ کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی ڈبل ویکسین لگادی‘زائد ڈوز لگنے سے بچی کی حالت خراب ہو گئی جسےہسپتال منتقل کردیا گیا‘والدین نے احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترنڈا سوائے خان محلہ کارخانہ بازار کے رہائشی طاہر حسین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اسکی 11 سالہ بیٹی میرب طاہر کو محکمہ صحت کی ٹیم نے گھر پر خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کا انجکشن لگا تھا‘چند روز بعد سکول میں خسرہ مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیم نے زبردستی دوسری بار خسرہ کی ویکسین کردی، طاہر حسین نےبتایا کہ میری بیٹی نے ٹیچر کو بار بار بتایا کہ وہ ویکسین گھر میں لگاچکی ہیں مگر ٹیچر اور محکمہ صحت کی ٹیم نے ایک نہ سنی اور زبردستی ویکسین لگادی جس کے بعد بچی کی طبیعت خراب ہو گئی‘ اطلاع پر بچی کو ترنڈہ سوائے خان سرکاری ہسپتال لایا گیا جہاں طبی امداد دی گئی،محمد طاہر حسین نے احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔