آڈیوکے بعد نواز شریف کیخلاف کیسز کی کوئی حیثیت نہیں:رانا ثناء اللہ ،سب بے نقاب ہوچکے، ’’بابارحمتے‘‘ نے عدلیہ کے وقارکومجروح اورآئین کو داغدار کر دیاہے،گفتگو

29 نومبر ، 2021

فیصل آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر راناثناء اللہ نے کہاہے کہ ثاقب نثارسمیت ریٹائرڈججزکے آڈیواوربیان حلفی منظرعام پرآنے کے بعدمیاں نوازشریف اورمریم نوازکے خلاف بنائے گئے کیسزاورفیصلوں کی کوئی قانونی اوراخلاقی حیثیت نہیں رہی۔توقع ہے کہ بہت جلدباپ بیٹی سرخروہوں گے۔ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ عمران خان کے لئے میاں نوازشریف کوجگہ دلانے والے اب بے نقاب بھی اور رسوابھی ہورہے ہیں جبکہ میاں نوازشریف حکومت سے باہررہ کربھی عوام کے دلوں میں موجوداوراُن کی عزت میں اضافہ ہواہے۔ ’’بابارحمتے‘‘ نے عدلیہ کے وقارکومجروح اورآئین کو داغدار کر دیاہے۔شمیم راناکے بیان حلفی اورثاقب نثارکی آڈیو100درست قراردی گئی ہیں اُنہیں عدالتی نظام میں نظراندازنہیں کیاجاسکتا۔ ثاقب نثارسمیت جن لوگوں کے نام سامنے آئے ہیں اُنہیں طلب کرکے منظرعام لانے کی ضرورت ہے۔