اسلامو فوبیا کے خاتمے کیلئے امت مسلمہ کو ایک پیج پر آنا چاہیے،گور نر سرور

29 نومبر ، 2021

لاہور(نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ دنیا افغانستان کو تنہا چھوڑے گی تو وہاں دہشت گردی ‘غذائی قلت جیسے مسائل بے قابو ہوجائیں گے۔اسلامو فوبیا کے خاتمے کےلئے امت مسلمہ کو ایک پیج پر آنا چاہیے،مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کےلئے جتنا کام پاکستان میں ہورہا ہے پوری دنیا میں اسکی کوئی اور مثال نہیں ملتی ،ہم قائدا عظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق پاکستان میں بسنے والے تمام اقلیتوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں ۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرورنے دورہ بر طانیہ کے دوران سکاؤٹش پار لیمنٹ کی سپیکر الیسن جون سٹون اور اوورسیز پاکستانیوں کے وفود سے ملاقات کی جس میں خطے میں امن وامان کے بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سکاٹش پار لیمنٹ کی سپیکر الیسن جون سٹون نے افغانستان سمیت پورے خطے میں امن کے قیام کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی جانب سے کیے جانےوالے اقدامات کوبھی سراہا ۔