صدر سے وزیراعظم کی ملاقات، بجٹ میں ریلیف کیلئے تجاویز پر تبادلہ خیال

12 جون ، 2024

اسلام آباد(آئی این پی)صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات کی جس میں عوام کو بجٹ میں ریلیف فراہم کرنے سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی حکومت آئندہ بجٹ میں غریب اور متوسط طبقات کا خاص خیال رکھے،اس موقع پر صدر مملکت نے وزیراعظم کو ملکی ترقی اور معاشی اہداف کے حصول میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ منظوری سے متعلق صدر مملکت آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی سے مکمل حمایت طلب کر لی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی ۔صدر اور وزیراعظم کی ملاقات میں وزیر منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات احسن اقبال بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور شہباز شریف ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی اور مالی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں بجٹ 25-2024 میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ آئندہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات کی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف زرداری کو حالیہ دورہ چین کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی۔