آئندہ مالی سال کا 18 ٹریلین روپے سے زائد کا وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا

12 جون ، 2024

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ)وفاقی حکومت آئندہ مالی سال 25۔2024 کیلئے 18 ٹریلین روپے سے زائد مالیت کا وفاقی بجٹ آج بروز بدھ کو قومی اسمبلی میںپیش کیا جا ئے گا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس شام چار بجے پار لیمنٹہا ئوس میںطلب کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب بدھ کی شام قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پیش کریں گے ۔ یہ بجٹ دستاویزات سینٹ میں بھی پیش کی جائیں گی۔ نئے مالی سال کیلئے ایف بی آر کے محصولات کا ہدف 12 ہزار ارب روپے سے زائد رکھنے کا امکان ہے، وفاق اور صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کاحجم 3.792 ٹریلین روپے رکھنے کا امکان ہے جس سے مجموعی قومی پیداوار کی شرح میں اضافہ ممکن ہو سکے گا جو جاری مالی سال کے دوران 2.4 فیصد رہا، نئے مالی سال میں مجموعی قومی پیداوارمیں اضافہ کا ہدف 3.6 فیصد سے زیادہ رکھنے کا امکان ہے۔ نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں وفاقی حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کاحجم 1221 ارب روپے رکھنے کا امکان ہے۔ نئے مالی سال میں وفاقی حکومت 2022 کے سیلاب کے بعد بحالی اورتعیرنو کی کوششوں میں تیزی لائی جائیگی۔ نئے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تشکیل میں قومی اقتصادی کونسل اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی سفارشات و ہدایات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے، نئے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شعبہ جاتی حکمت عملی، بنیادی ڈھانچہ کی ترقی، صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ، توانائی میں کفایت، آبی وسائل کی ترقی ، ٹرانسپورٹ اور مواصلات کو بہتر بنانے، سماجی شعبوں، سائنس اور آئی ٹی، گورننس، پیداواری شعبوں اور متوازن علاقائی ترقی کو یقینی بنایا گیاہے۔