بلوچستان دل کے بہت قریب، عوامی مفاد کے منصوبے لانا چاہتے ہیں، شہباز شریف

14 جون ، 2024

کوئٹہ(خ ن) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقلی سے متعلق منعقدہ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی اجلاس میں بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا کہ وہ آئندہ دو روز میں بلوچستان کا خصوصی دورہ کریں گے جس میں اس اہم مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وزیراعظم پاکستان کی بلوچستان آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے زمینداروں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے شمسی توانائی پر منتقلی ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس مسئلے کے فوری حل کے لیے وفاق 40 ارب روپے کا جلد از جلد اجراء کرے تاکہ ہم اپنے صوبے کے زمینداروں کے مسائل فوری طور پر حل کر سکیں انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے اس مسئلے کا طویل المدتی حل بھی قابل تعریف ہے لیکن اس مسئلے کے فوری حل کے لیے ابھی صوبائی حکومت کو جو فنڈز درکار ہیں ان کا اجراء لازمی ہے جبکہ اس منصوبے کی تکمیل سے کیسکو سے بجلی کی فراہمی پر مکمل انحصار کو کم کیا جا سکے گا اور سرکلر ڈیٹ میں بھی کمی آئے گی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ بلوچستان ہمارے دل کے بہت قریب ہے اور ہم بلوچستان کے لیے ایسے منصوبے لانا چاہتے ہیں جس سے صوبے کی عوام مستفید ہو اور عوام کے مسائل حل ہو سکیں اجلاس میں صوبائی وزراء میر شعیب نوشیروانی، علی مدد جتک رکن صوبائی اسمبلی میر اصغر رند،چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔