خدمت خلق سے سرشارہوکرنمائندے اعتماد پرپورااتریں‘گورنر

14 جون ، 2024

کوئٹہ(خ ن) گورنر بلوچستان جعفر خان نے کہا ہے کہ منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ جس طرح عوام نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے منتخب کیا وہ بھی خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر انتخابی علاقے کے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں کیونکہ قیادت کی عظمت عوام کی خدمت میں ہے گورنر نے جمعرات کو گورنر ہائوس کوئٹہ میں رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل کی قیادت میں پی بی 42 کے نمائندوں پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری نظام میں ووٹ کا مطلب کسی عوامی نمائندے کو اپنا اختیار سپرد کرنا ہوتا ہے یہ اختیارات جس قانون کے تحت دیے گئے ہیں اسی قانون کے دائرے میں مفاد خلق کیلئے استعمال ہونے چاہیے کوئٹہ شہر کے عوام کئی مسائل ومشکلات سے دو چار ہیں بہت جلد مذکورہ علاقہ میں سیوریج سسٹم کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر اور سرکاری ملازمتوں میں کوئٹہ کے شہریوں کے حقوق کی پاسداری کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائیں جائیں گے۔دریں اثناءگورنر بلوچستان جعفر خان سے افغان قونصل جنرل مولوی گل حسن نے جمعرات کو گورنر ہائوس کوئٹہ میں ملاقات کی جس میں پاکستان میں مقیم افغانستان کے طلباء و طالبات کو درپیش مشکلات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیاگورنر نے کہا کہ ہمسایے کبھی تبدیل نہیں ہوتے اس لیے ہمسایہ ممالک کے ساتھ پائیدار امن اور خوشگوار دوستی قائم رکھنا انٹرنیشنل ریلیشنز کی اہم کڑی ہے پرامن اور خوشحال افغانستان پورے خطے کے مفاد میں ہےانہوں نے یہاں مختلف یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم افغانستان سے تعلق رکھنے والے یونیورسٹی اسٹوڈنٹس کی فلاح و بہبود کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔