ٹیکس فراڈ اور ٹیکس چوری کرنیوالوں کو بھاری جرمانے اور قید کا فیصلہ

14 جون ، 2024

اسلام آباد (تنویر ہاشمی) ٹیکس فراڈ اور ٹیکس چوری کرنیوالوں کو بھاری جرمانے اور قید کی سزائیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس حوالے سے حکومت نے فنانس بل کے ذریعے ٹیکس فراڈ کرنیوالوں اور ٹیکس چوروں کو بھاری جرمانے اور دس سال تک قید کی سزائیں دینے کے قانون متعارف کرایا ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس فراڈ کرنے والوں اور ٹیکس چوروں پر 25 ہزار روپے یا چوری شدہ ٹیکس کی مالیت کے برابر سو فیصد جرمانہ عائد کرنے اور اس کے لئے فنانس بل کے ذریعے سیلز ٹیکس ایکٹ میں ترامیم کی تجویز دی ہے۔ تجویز کے مطابق جو لوگ ٹیکس چوری یا ٹیکس فراڈ میں ملوث ہونگے ان پر 25ہزار روپے یا چوری کردہ ٹیکس کی رقم کے سو فیصد کے برابر میں سے جو زیادہ رقم بنے گی وہ جرمانہ عائد ہوگا اور ان کے خلاف سپیشل جج پراسیکیوشن کرے گا۔