صوبائی حکومت 30 ہزار جوانوں کو بیرون ملک تربیت کیلئے بھیجے گی، سرفراز بگٹی

14 جون ، 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کا دو سال کے دوران30ہزار نوجوانوں کو تربیت کے لئے بیرون ملک بھیجنے کا پروگرام ہے ، امید ہے لگن سے کام کرتے ہوئے ہم یہ مقصد حاصل کر لیں گے ، بلوچستان حکومت اور یورپی یونین کے ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام کے بہترین نتائج سامنے آئینگے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں یورپین ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام کی لانچنگ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی ،تقریب میں پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا ، جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز سمیت دیگر نے شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعلیٰ میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ نوجوانوں کو ٹریننگ کے مواقع فراہم کرنے پر شکر گزار ہیں اس طرح کے پروگرام صوبے کے نوجوانوں کو جدید تربیت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔ بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے یہ پروگرام اہم ہے نوجوانوں کو جدید تعلیم کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیح ہے بلوچستان حکومت اور یورپی یونین کے اس طرح کے پروگرام کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے ہمارا پروگرام ہے کہ دو سال کے دوران 30 ہزار نوجوانوں کو تربیت کے لئے بیرون ملک بھیجیں اور امید ہے کہ لگن سے کام کرتے ہوئے ہم یہ مقصد حاصل کر لیں گے ۔ انہوں نے بلوچستان میں ایسے منصوبوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ہمارے نوجوانوں کو فنی مہارت سے آراستہ کرنے کا مقصد رکھتا ہے جس سے وہ بلوچستان کی اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بے روزگاری ختم کا طریقہ یہ ہے کہ اپنے نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر دنیا میں بھیجیں تاکہ وہ وہاں جاکر اپنے خاندانوں اور آنے والی نسلوں کیلئے ایک بہتر زندگی کا انتخاب کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہی ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن ٹرینگ پروگرام کیلئے تین اچھے افسران کو تعینات کیا گیا ہے ، یقین ہے کہ ہم اپنے ہداف حاصل کرلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن ٹرینگ پروگرام ہو یا اس قسم کے مزید پروگرامز ہیں ہم اٹھارہ گھنٹے کام کریں گے اور یہ یقینی بنائیں گے کہ اس کے فوائد آخری شخص تک پہنچیں تب ہم کامیاب ہوں گے۔ یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے پروگرام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کے قابل ہنر سکھانے سے نہ صرف ہر نوجوانوں کو آمدن کے بہتر مواقع ملیں گے بلکہ اس سے بلوچستان کے مستقبل ، معیشت اور سماجی حالات میں بھی بہتری آئے گی ۔کراچی میں متعین جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے کہا کہ ٹیم یورپ کے شراکت دار ، جرمنی اور یورپی یونین قومی اور صوبائی حکام کے ساتھ مل کر روزگار کے مواقع کو بہتر بنانے پر کام کررہے ہیں اس سے نوجوانوں کو بہتر ملازمتیں ڈھونڈنے میں مدد ملے گی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن نیوٹیک گلمینہ بلال احمد نے ٹیویٹ کے شعبے کو تبدیل کرنے کے لئے ٹیم یورپ کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ نیوٹیک اس وژن کو حقیقت میں بدلنے کے لئے بھرپور کوشش کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیویٹ سیکٹر سپورٹ پروگرام پانچ سالہ منصوبہ ہے جس کا مقصد پاکستان کے سماجی و اقتصادی حالات کو بہتر بنانا اور خواتین و مردوں دونوں کو زیادہ تربیتی مواقع تک رسائی فراہم کرنا ہے۔