برطانیہ،کنسرٹ کے دوران زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ

14 جون ، 2024

لندن (اے ایف پی)امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کےبرطانیہ کے دورے کے آغاز پران کے مداحوں نےحقیقتاََ زمین کو ہلادیا، برٹش جیولوجیکل سروے نے گزشتہ روز بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے چھ کلومیٹر (تقریباً چار میل) دور ریکارڈ کیے گئے۔امریکی پاپ اسٹارنے اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈنبرا میں جمعہ سے اتوار کے دوران تین شوز کے ساتھ اپنے ایریز دورہ برطانیہ کا آغاز کیا،ان شوز میں 2لاکھ سے زائد شائقین نے شرکت کی۔ہر شو نےا سکاٹ لینڈ کی تاریخ میں سب سے زیادہ شرکت کرنے والے اسٹیڈیم کنسرٹ کا ریکارڈ توڑ دیا،بی جی ایس نے کنسرٹس کے ذریعے پیدا ہونے والے زلزلے کی ریڈنگز کا پتہ لگایا۔بی جی ایس کا مداحوں کے پسندیدہ گانے ریڈی فار اٹ؟، کرول سمر اور شیمپین پرابلم کے نتیجے میں زلزلے کی سرگرمی ہونے کا انکشاف کیا۔بی جی ایس نے مزید کہا کہ ریڈی فار اٹ؟گانے کے دوران ہجوم تقریباً 80 کلو واٹ پاور منتقل کر رہا تھا، جو تقریباً 6ہزار کاروں کی بیٹریوں کے برابر ہے۔اعدادوشمار سے پتہ چلا کہ جمعہ کی رات کے پہلے کنسرٹ میں شائقین نے سب سے زیادہ پرجوش رقص کیا، جو کہ برطانیہ میں زلزلہ ریکارڈ کرنے کا ذمہ دار ہے۔یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ٹیلرسوئفٹ کے مداحوں نے زمین کو ہلا کر رکھ دیا ، گزشتہ سال جولائی میں امریکہ کے شہر سیئٹل میں ان کے کنسرٹ نے ایک ماہر ارضیات کے مطابق 2.3 شدت کے زلزلے کے برابر زلزلہ کی سرگرمی پیدا کی تھی۔یہ دورہ برطانیہ کی معیشت کو تقریباً 1 ارب پاؤنڈ (1.3 بلین ڈالر) سے فروغ دینے کے لیے تیار ہے،بارکلیز کے ایک مطالعے کے مطابق، مئی سے تقریباً 1.2 ملین شائقین ٹکٹوں، سفر، رہائش اور تجارتی سامان پر 848 پاؤنڈزخرچ کر رہے ہیں۔بی جی ایس کے سیسمولوجسٹ کالم ہیریسن نے کہا کہ ایک مختلف قسم کے رجحان سے پیدا ہونے والی زلزلہ کی سرگرمی کو دریافت کرنے کا موقع کافی سنسنی خیز رہا ۔