جی7سربراہی اجلاس ، روسی اثاثوں سے یوکرین کو 50ارب ڈالر قرض پر اتفاق

14 جون ، 2024

باری (اے ایف پی)اٹلی میں ہونے والے جی سیون کے سربراہی اجلاس میں دنیا کی سات امیر ترین جمہوریتوں کے رہنماؤں نے یوکرین کو50ارب ڈالر بطور قرض دینے پر رضامندی ظاہر کر دی ۔ یہ رقم روس کے مرکزیبینک کے مختلف ملکوں میں منجمد اثاثوں سے ہونے والی آمدنی اور سود کی رقم سے ادا کی جائے گی۔جی سیون کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس رقم سے یوکرین کو روس کے خلاف اپنی بقا کی جنگ میں مدد ملے گی۔ ایک فرانسیسی عہدیدار نے بتایا کہ اگرچہ قرض کی ترسیل کے سلسلے میں تفصیلات ابھی طے کی جا رہی ہیں، تاہم یہ رقم اس سا ل کے اواخر سے پہلے ہی کیف پہنچ جائے گی۔زیادہ تر رقم امریکی حکومت بطور قرض فراہم کرے گی۔ یہ رقم روس کے تقریباً 300 ارب ڈالر کے غیر منقولہ منجمد اثاثوں سے ہونے والی آمدنی سے لی جائے گی۔ ایسی زیادہ تر رقوم یورپی یونین کے ملکوں میں رکھی ہوئی ہے۔ایک اور فرانسیسی اہلکار نے بتایا کہ قرض کی بیشتر رقم تو امریکی ہو گی، لیکن اس میں یورپی رقم یا دیگر ملکوں کے تعاون کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے،ایسا کرنا بہت مشکل ہے۔ متعدد ممالک کے حکام نے ایک سال سے زیادہ عرصے سے اس سوال کے قانونی پہلوؤں پر غور و خوض کیا کہ کیا روس کے اثاثوں کو ضبط کرکے انہیں یوکرین کو دیا جا سکتا ہے۔