نعیم خلجی کی گرفتاری بلا جواز، فوراً رہا کیا جائے،نیو نان بائیان ایسوسی ایشن

14 جون ، 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)نیو نان بائیان ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) بلوچستان کے صدر ملک ولی وردگ ، ڈپٹی چیئرمین قاری سلیم اللہ فاروقی ، مرکزی انجمن تاجران رجسٹرڈ بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ اور میر یٰسین مینگل نے محمد نعیم خلجی کی تھری ایم پی او کے تحت بلاجواز گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو فوری طور پر رہا کیا جائے ان کی گرفتاری کے خلاف آج سے کوئٹہ میں ہڑتال کریں گے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس بعد ازاں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ نیو اتحاد نان بائیان ایسوسی ایشن کو ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی جانب سے 350 گرام روٹی کا نرخ 50 دیا گیا اور بعد میں بغیر کسی تجزیہ کے مزید ریٹ کم کیا گیا جس کو ہم نے مسترد کردیا جس پر ڈپٹی کمشنر ، انتظامیہ ، مجسٹریٹ کی جانب سے تندوروں پر چھاپے ، گرفتاریاں اور جرمانے شروع کیے گئے جس کے خلاف ہماری تنظیم احتجاج کررہی تھی لیکن ڈپٹی کمشنر ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد نعیم خلجی کو رات کی تاریکی میں تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ان کی گرفتاری کے خلاف کوئٹہ میں آج سے تندوروں کی ہڑتال کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر و دیگر معاملات کو مل بیٹھ کر حل کریں نہ کہ بلاجواز طور پر نان بائیوں ، اور دیگر کے خلاف کارروائیاں کریں گرفتاریاں اور رہنماؤں کو پابند سلاسل کرنا مسائل کا حل نہیں اس سے حالات خراب ہوں گے انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو تکلیف نہیں دینا چاہتے لیکن ہماری مجبوری ہے کہ ڈپٹی کمشنر ہمارے خلاف بلاجواز طور پر کارروائیاں کرکے جرمانے ، دکانوں کو سیل اور لوگوں کو گرفتار کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارا آج بھی مطالبہ ہے کہ تجزیاتی کمیٹی کے ذریعے تجزیہ کرکے وزن اور روٹی کی قیمت کا تعین کیا جائے ۔