واسا حکام نے شہریوں کو ٹینکر مافیا کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا،میر حیدرشاہوانی

14 جون ، 2024

کوئٹہ(پ ر)قبا ئلی وسیاسی رہنماء میر حیدر شاہوانی نے کہا ہے کوئٹہ شہر کربلا کا منظر پیش کررہا ہے محکمہ واسا نے شہریوں کا پانی بند کرکے عوام کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر لاوارث ہو ہے تمام بنیادی سہولیات کے فقدان سمیت پانی کی عدم فراہمی نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے جون سے ماہ جولائی تک لوڈ شیڈنگ اور ٹیوب ویلوں کی خرابی کا بہانہ بناکر پانی کی فراہمی روک دی جاتی ہے یا ملازمین ہڑتال کے باعث کام نہیں کرتے جس سے لوگوں کو پانی نہیں دیا جاتا۔ٹینکر والوں کو پانی میسر ہے لیکن عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرخسہ و ہزار گنجی نیشنل پارک سمیت دیگر ٹیوب ویلز کو چلایا جائے تاکہ عوام کو فوری طور پر پانی کی فراہمی ممکن ہوسکے۔