قربانی کے جانور 970 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہیں، وزیر لائیو اسٹاک

14 جون ، 2024

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) وزیر لائیو اسٹاک بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں کانگو وائرس کے پھیلائو کو مد نظر رکھتے ہوئے ایمر جنسی نافذ کرکے منڈیوں میں اسپرے کے لئے محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیمیں موجود ہیں ،کوئٹہ میں 13 مقامات پر لگائی جانے والی منڈیوں میں ہمارے ڈاکٹر اور دیگر عملہ ویکسینیشن اور ادویات کے ہمراہ موجود ہیں، عوام کی سہولت کے لئے صحت مند قربانی کے جانور 970 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ ڈیری فارم میں لگائی گئی بکرا منڈی کے دورےکے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری امور حیوانات محمد طیب لہڑی ، ڈی جی لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد فاروق ترین اور سپرنٹنڈنٹ ڈیری فارم لائیو سٹاک ڈاکٹر سعید احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ کا کہنا تھا کہ چند روز قبل کوئٹہ میں کانگو وائرس کے متاثرہ مریض آنے کے بعد حکومت نے صوبے بھر میں محکمہ لائیو سٹاک میں ایمر جنسی نافذ کرکے تمام مال مویشیوں کو ویکسینیشن اور اسپرے کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کا آغاز کردیا کوئٹہ اور صوبے میں عید الاضحیٰ کے موقع پر آنے والے جانوروں کو کانگو وائرس سے محفوظ بنانے کے لئے اسپرے اور ویکسینیشن شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو چاہئے کہ وہ عید کے لئے قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لئے منڈیوں میں جاتے وقت حفاظتی اقدامات دستانے اور ماسک استعمال کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور و آگاہی دینے کے لئے کانگو وائرس سے بچنے کے لئے میڈیا او ر سوشل میڈیا کے ساتھ بڑے بڑے بل بورڈز پر ہم نے بینرز آویزاں کروائے ہیں تاکہ لوگ جانور خریدتے وقت حفاظتی اقدامات کو اپنائیں بجٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کے لئے ایک اچھا بجٹ پیش کریں تاکہ لوگوں کو ریلیف مل سکے۔