بلوچستان حکومت اورروش کے درمیان ادویات کی فراہمی کا معاہدہ

14 جون ، 2024

کوئٹہ(خ ن)حکومت بلوچستان اور روش پاکستان کے مابین کینسر سمیت مخصوص موذی امراض کے علاج کے لئے کاسٹ شئیرنگ کے تحت ادویات کی فراہمی کا معاہدہ طے پا گیا، مہنگی ادویات مریضوں کو مفت فراہم کی جائیں گی، جمعرات کو باہمی یاداشت پر دستخط کی تقریب وزیر اعلٰی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی جس میں اسپیشل سیکرٹری محکمہ صحت بلوچستان مجیب الرٰحمان قمبرانی اور روش پاکستان کی منیجنگ ڈائریکٹر حفظہ شمسی نے دستخط کئے اس موقع پر وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی ، روش پاکستان اور صوبائی حکومت کے متعلقہ حکام بھی موجود تھے تقریب کے بعد روش پاکستان کی منیجنگ ڈائریکٹر حفظہ شمسی نے کہا کہ صحت سے متعلق حکومت بلوچستان کا وژن قابل تعریف ہے غریب افراد کو ادویات کی فراہمی کے لئے طے پانے والا معاہدہ ایک تاریخی اقدام ہے جس کا فائدہ براہ راست غریب مریضوں کو ہوگا اسپیشل سیکرٹری محکمہ صحت بلوچستان مجیب الرٰحمان قمبرانی نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت مہنگی ادویات کاسٹ شئیرنگ کے تحت خرید کی جائیں گی جس 56 فیصد روش پاکستان اور 44 فیصد حکومت بلوچستان ادا کرے گی کینسر اور موذی امراض کی یہ ادویات مریضوں کو مفت فراہم کی جائیں گی۔