پاک افغان سرحد پر کسٹم ڈیوٹی کے بغیر مویشی لانیکی اجازت دی جائے، جمعیت نظریاتی

14 جون ، 2024

کوئٹہ(پ ر) جمعیت علماء اسلام نظریاتی ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا قاری مہراللہ‘ جنرل سیکرٹری حاجی حبیب اللہ صافی ‘مولانا نیازمحمد، مولانا خدائے نذر، حاجی محمد نور اخونذادہ‘ مولانا محمدابراہیم‘ حاجی نادر خان اچکزئی‘ مولانا رحمت اللہ حقانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مال مویشی کی شدید قلت کی بنا پر پاک افغان سرحد پر کسٹم ڈیوٹی کے بغیر مال مویشی لانے کی اجازت دی جائے، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دونوں ممالک مالداروں کو رعایت دیں ، مالداروں کے سال کا انحصار مال مویشی پر ہے، پابندی اور کسٹم ڈیوٹی سے مالداروں کی حوصلہ شکنی ہو تی ہے، انہوں نے کہا کہ پابندیوں اور کسٹم ڈیوٹی سے مال مویشیوں کی کمی ہے، جس کے باعث قیمتیں گزشتہ سال کے مقابلے دگنی ہو گئی ہیں، بے تحاشہ مہنگائی کی وجہ سے عید قربانی خریدنے کیلئے عوام پریشان ہیں۔ ایک طرف سے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور دوسری جانب مویشیوں کی قیمتیں آسمان تک پہنچنے سے خریداروں کی قوت خرید جواب دینے لگی ہے ، حکومت عید قرباں پر سنت ابراہیمی ادا کرنے کے لیے کسٹم ڈیوٹی ختم کرکے اجازت دے۔