عیدالاضحی تعطیلات پر جیلوں میں خصوصی حفاظتی انتظامات کی ہدایت

14 جون ، 2024

راولپنڈی (وسیم اختر‘ سٹاف رپورٹر) عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران پنجاب بھر کی جیلوں میں خصوصی حفاظتی انتظامات کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ ڈی آئی جی انسپکشن جیل خانہ جات پنجاب کی جانب سے تمام جیل سپرنٹنڈنٹس کے نام جاری مراسلے میں کہاگیاہے کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے خصوصی حفاظتی انتظامات کئے جائیں۔ قیدیوں کو عید کی خوشیاں منانے کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائیگا۔ ورثاء کو مکمل شناحت کے بعد کھانا اور سامان جمع کرانے کی اجازت ہو گی۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کی زیرنگرانی سامان جمع کروانے والوں کی تلاشی لی جائے۔ عید کے دن قیدیوں کے عزیزو اقارب کو کھانے پینے اور دیگر مجاز اشیاء پہنچانے کی اجازت ہو گی۔ عید تعطیلات کے دوران اندرون جیل ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل اور دو اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل موجود رہیں گے۔