بجٹ دستاویز کوحتمی شکل سے قبل اسٹیک ہولڈرز مشاورت کی جائے،صدر اسلام چیمبر

14 جون ، 2024

اسلام آبا ( جنگ نیوز) صدر اسلام آباد چیمبر احسن بختاوری، کا کہنا ہے کہ بجٹ 2024-25 ملک میں کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے بالکل بھی معاون ثابت نہیں ہو گا، انہوں نے ٹیکس کے ایک آسان نظام پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ زیادہ ٹیکس کی شرح یقینی طور پر غیر مفید ثابت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ بجٹ دستاویز کو حتمی شکل دینے سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز سے سنجیدہ مشاورت شروع کرے اگر وہ واقعی ملک کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنا اورغریب عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ سیمنٹ اور غیر منقولہ جائیداد پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے نفاذ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوں گی اور سوال کیا کہ جب رئیل اسٹیٹ اور پراپرٹی پر کیپٹل گین ٹیکس لگایا جائے گا تو ملک میں کنسٹرکشن سیکٹر کیسے ترقی کرے گا۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اس طرح ٹیکس کی شرح میں اضافہ خود ٹیکس چوری کی دعوت دینا ہے۔