سائفر کیس، عمران، شاہ محمود کی بریت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

14 جون ، 2024

اسلام آباد(رپورٹ :، رانا مسعود حسین )بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے بریت کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیاہے ،وفاق نے جمعرات کے روز وفاقی سیکر ٹری داخلہ ے ذریعے عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو فریق بناتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 185(3)کے تحت دائر کی گئی فوجداری درخواست کے ذریعے ملزمان کی سائفر کیس میں بریت کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے ،فوجداری درخواست میں مقدمہ سے متعلق کچھ حقائق بیان کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمان نے ایک کلاسیفائیڈ دستاویز سائفر ٹیلی گرام کو اپنے ذاتی وسیاسی مفادات کے لئے غیر مجاز افراد(عوام الناس) کو لیک کرکے ریاست کے سلامتی کو اور مفادات اور تحفظ کو خطرے میں ڈالا ، ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ کا بریت کا فیصلہ غلط،، صوابدیدی اور ریکارڈ پر دستیاب مواد کے خلاف ہے،جسے کالعدم قراردیا جانا چاہیے درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ہائی کورٹ کے3 جون 2024 کے فیصلے کے خلاف اسے یہ درخواست ( سی پی ایل اے ) دائر کرنے کی اجازت دیتے ہوئے انصاف کی فراہمی کے لئے درخواست کو ا پیل میں تبدیل کیا جائے ۔