4 ارب ڈالر بینکوں، ایک ارب ڈالر یورو بانڈ سے حاصل کرنے کا منصوبہ، موخر ادائیگی پر سعودی تیل کی سہولت کی توقع ختم

14 جون ، 2024

اسلام آباد(مہتاب حیدر) پاکستان کے بجٹ سازوں نے مالی سال 2024-25 کے لیے ایک بین الاقوامی یوروبانڈ کے اجراء کا منصوبہ بنایا ہے جس کی مالیت ایک ارب ڈالر سے زیادہ ہوگی اور غیر ملکی کمرشل بینک قرضے حاصل کرنے کے لیے تقریباً 4 ارب ڈالر کی توقع کی جا رہی ہے۔ بجٹ 2024-25 کے دستاویزات کے مطابق حکومت نے آئندہ مالی سال میں سعودی عرب کے تیل کی سہولت کی شکل میں کوئی رقم متوقع نہیں کی۔ پاکستان نے سعودی عرب سے تیل کی سہولت کی بحالی کی درخواست کی تھی لیکن اب اس سلسلے میں تمام امیدیں ختم ہوگئی ہیں۔ تاہم، سعودی عرب کی محفوظ جمع کرائی گئی رقم کے بارے میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ یہ برقراررہ سکتی ہے۔ حکومت نے رواں مالی سال میں 4 ارب ڈالر کے غیر ملکی کمرشل بینک قرضے حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن اسلام آباد خراب کریڈٹ ریٹنگز کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ملکی کمرشل قرضے حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ نئے مالی سال میں23ارب ڈالر غیر ملکی قرض کا تخمینہ ہے،غیرملکی قرض میں رول اوور، کمرشل ری فنانسنگ اور کثیر القومی اور دو طرفہ قرض دہندگان سے قرضے حاصل کرنا شامل ہیں۔اب حکومت امید کر رہی ہے کہ وہ آئندہ مالی سال 2024-25 کے دوران غیر ملکی کمرشل قرضے حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکتی ہے۔ بجٹ سازوں نے غیر ملکی قرضوں کی مد میں 20 سے 23 ارب ڈالر کی ڈالر کی آمد کے تخمینے کو حتمی شکل دی ہے جس میں رول اوور، کمرشل ری فنانسنگ اور کثیر القومی اور دو طرفہ قرض دہندگان سے قرضے حاصل کرنا شامل ہیں۔