بھاری ٹیکس بجٹ کے بعد حکومت کا عوام کو ریلیف، اتوار سے پٹرول 9.28 ، ڈیزل 4.04 روپے سستا کرنے پر غور

14 جون ، 2024

اسلام آباد(خالد مصطفیٰ ) وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت نے ٹیکسوں کے بوجھ سے بھاری بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کردیا ، بھارتی ٹیکس بجٹ کےبعد حکومت کا عوام کو ریلیف ، اتوار سے پیٹرول 9.28 ، ڈیزل 4.04روپے سستا کرنے پر غور ، عالمی منڈیوں میں خام تیل کے نرخ گر گئے ، پیٹرول 259.08 اور ڈیزل 266.20 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ، شہریوں کو پٹرولیم قیمتوں میں مسلسل چوتھی بار ریلیف ملے گا ، مٹی کا تیل 169.61روپے ، لائٹ ڈیزل 153.25 روپے فی لیٹر ، نئی قیمتوں کا اطلاق 16جون سے ہوگا ، عالمی منڈی میں ڈیزل 90ڈالر اور پیٹرول 84ڈالر فی بیرل کا ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق بین لاقوامی منڈیوں تیل کے دام گرنے سے استفادہ کرتے ہوئے حکومت نے پیٹرول کی قیمت 9.28روپے فی لیٹر کم کرکے259.08روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ موجودہ نرخ268.36روپے فی لیٹر ہے ۔ ڈیزل کے دام 270.22روپے سے 4.02روپے کمی کے ساتھ 266.20روپے فی لیٹر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نئی قیمتیں آئندہ پندرہواڑے16جون 2024سے لاگو ہوں گی۔