قیادت کو پابند سلاسل رکھنے سے مرعوب نہیں ہونگے، پی ٹی آئی

15 جون ، 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر دائود شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت بلاجواز طور پر بانی پی ٹی آئی ، سینئر قیادت کے علاوہ پارٹی کی خواتین کو پابند سلاسل رکھ کر ان پر مظالم ڈھارہی ہے ، ایسے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے ،یہ بات اظہار انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں عتیق احمد کاکڑ ، نور خان خلجی و دیگر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کرکے برسر اقتدار آئی ہے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف 200 سے زائد مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ پارٹی کے سینئر رہنماوں کے علاوہ سینئر خواتین رہنمائوں کو بھی پابند سلاسل رکھا گیا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ فوج اور ریاست ہماری ہے ہم نے 9 مئی کے واقعہ کی مذمت اور واقعے کے اصل محرکات سامنے لانے کے لئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ بھی کیا ہے۔