ترقی کےحکومتی دعوے صدابہ صحرا ثابت ہوئے، زیارتوال

15 جون ، 2024

سنجاوی ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی تحصیل سنجاوی کے تحصیل کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی ایگزیکٹیوز سردار حبیب الرحمن دومڑ، نظام عسکر ،ضلع زیارت کے سیکرٹری میروائس خان ، سینئر معاون سیکرٹری لطیف خان دومڑ، تحصیل سیکرٹری ملک احسان اللہ نے شرکت کی اجلاس میں گزشتہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا ۔ تمام علاقائی یونٹس کے اجلاسوں کے انعقاد کے حوالے سے تاریخ اور لائحہ عمل طے کیا گیا ۔ اجلاس سے عبدالرحیم زیارتوال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلابوں اور سخت ترین ژالہ باری سے باغات اور تمام تیار فصلیں تباہ ہوئی ہے ، لیکن حکومت کی جانب سے متاثرین کی امداد اور مدد کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا ہے ۔ زیارت ہرنائی کا روڈ کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہے ، حکومت کے ترقی کے دعوے صدابہ صحرا ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع زیارت کے تقریباً 100کے قریب سرکاری سکول بند ہے ، ہسپتال موجود ہے لیکن عملہ نہیں ، دونوں اضلاع زیارت اور ہرنائی میں سیاسی انتقامی کارروائیاں جاری ہے ، لیویز ، پولیس ، اساتذہ ، پیرامیڈیکس اور دیگر تمام سرکاری ملازمین کی ٹرانسفر جاری ہیں ۔ جس سے سرکاری ملازمین میں سخت بے چینی اور تشویش پائی جارہی ہیں اس کا نوٹس لینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ ملک اور نہ صوبوں میں عوام کی ووٹ سے منتخب حکومتیں موجود ہیں ۔ عوام کے مینڈیٹ کو جس بھونڈے طریقوں سے نیلامی ہوئی اس پر ملک کے عوام میں سکتہ طاری ہے اور ملک سے باہر دنیا حیرانگی میں مبتلا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت آئینی ، سیاسی ، معاشی اور معاشرتی بحرانوں میں گرچکا ہے اور سیاسی عدم استحکام بڑھ رہا ہے سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے آئینی ، معاشی اور معاشرتی بحران گہرے سے گہرے تر ہوتے جارہے ہیں ملک کے بحرانوں سے نجات سودی کچکول سے حل نہیں ہونگے ملک کو اپنی پاؤ ں پر کھڑی کرنے کیلئے ضروری ہے کہ کرپشن اور پرسنٹ کا خاتمہ ہو۔ مہنگائی اور بیروزگاری کو صنعتی اور دیگر تمام پیداوار بڑھانا ہوگا ، ملک میں بدامنی اور دہشتگردی عروج پر ہے جس کی تدارک لازمی ہے۔ انہوں نے کہا اس وقت پارٹی کے کارکنوں کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہیں پارٹی کا ہر کارکن اور خصوصاً تمام نوجوانوں نے قومی نابرابری اور قومی سیاسی واک واختیار کیلئے اپنی جدوجہد کو تیز تر کرنا ہوگا اور ملک کی سیاست میں جمہوری صف کو مضبوط کرنا ہوگا۔ درایں اثناء پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں ضلع پشین میں پی ٹی آئی کے شمولیتی پروگرام میں پارٹی اکابرین وکارکنوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا دراصل جمہوری روایات کی پائمالی اور ملکی آئین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسکی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریر وتقریر ، اجتماع کرنا ہر شہری کا آئینی حق ہے اور آئینی حق کی پائمالی ناقابل قبول ہے اور پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ تما م ایف آئی آر واپس لیئے جائیں اور عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔