سینٹ اجلاس‘ اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں کی بجٹ پر شدید تنقید

15 جون ، 2024

اسلام آباد (ایجنسیاں) سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں نے بجٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ وژن لیس بجٹ جو صرف ایلیٹ کیلئے بنایا گیا ، یہ عوام کا نہیں ، غریب کی جیب پر مزید ڈاکہ مارا گیا ، غریب کو غریب تر کر دیا ہے۔ یہ بجٹ ہمارا ہے ہی نہیں یہ ائی ایم ایف کا بجٹ ہے یہ انہوں نے لکھ کر دیا اور ہمارے یہاں سے پڑھ دیا گیا ۔سینیٹر سعدیہ عباسی نے کہا کہ چھ سال میں سات فنانس منسٹر آئے ، ملک میں پالیسی کیسے بنے گی۔ اگر فیصلہ تین چار جگہوں پر ہو تو ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ ہر چیز بیچنا مسائل کا حل نہیں، سینیٹر راجہ ناصر عباس ئے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں زوال آیا ہے اور اقتصادی طور پر مشکلات کا شکار ہیں ۔ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسز جان لیوا ہیں اس سے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ حکومتی اداروں کی کارکردگی کی بنیاد پر بجٹ بنانا چاہئے مگر یہاں پر بجٹ بندوق کے زور پر اسٹیبلشمنٹ کیلئے بنایا گیا۔ سنیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی نے کہا کہ میں تو ناسمجھ ہوں، بجٹ کیسے بننا چاہئے، احسن اقبال تو ارسطو پلاننگ کے ہیں ۔ چیئرمین ان کو بٹھاتے رہے مگر وہ بغیر مائیک کے ہی بولتی رہیں۔ اس دوران پی ٹی آئی کے بعض سینیٹرز بھی ان کے ساتھ بولتے رہے۔ اس دوران چیئرمین آرڈر ان دی ہائوس بولتے رہے مگر اپوزیشن نے شور شرابہ جاری رکھا، ڈیسک پربجٹ کی کاپیاں مارتے رہے۔