190 ملین پائونڈز ریفرنس،ایک گواہ کے بیان پر جرح مکمل

15 جون ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) احتساب عدالت میں 190 ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت کے دوران ایک گواہ کے بیان پر وکلا صفائی نے جرح مکمل کر لی ریفرنس میں 30 گواہان کے بیانات قلمبند جبکہ 22پر جرح مکمل ہو چکی ہے، عدالت نے آئندہ سماعت 21 جون تک ملتوی کر دی ، 4گواہوں کو جرح کیلئے طلب کر لیا ۔دوران سماعت کمرہ عدالت میں بیرسٹر دانیال کی موجودگی پر بانی پی ٹی آئی شدید برہم، لیگی رہنما باہر چلے گئے، جمعہ کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت کی ،جیل حکام نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے وکلا سلمان اکرم راجہ ، نیاز اللہ نیازی ، علی ظفر ، شعیب شاہین عدالت میں موجود تھے۔ سماعت کے دوران ملزم بانی پی ٹی آئی عمران خان نون لیگی ایم این اے دانیال چوہدری کی عدالت میں موجودگی پر برہم ہو گئے اور کہا کہ ہمارے ایم این ایز باہر بیٹھے ہیں تم کیسے اندر آ گئے؟ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے غصہ اور اعتراض کرنے پر بیرسٹر دانیال کمرہ عدالت سے واپس چلے گئے۔