مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے کویت 10کروڑ ڈالر فراہم کریگا

15 جون ، 2024

اسلام آباد( نمائندہ جنگ ) مہمند ڈیم ہائیڈور پاور پروجیکٹ کیلئے کویت 10کروڑ ڈالر فراہم کریگا، کویت فنڈ کی جانب سے قرض کی پہلی قسط اڑھائی کروڑ ڈالر کی فراہمی کے معاہدہ پر 3جون کو دستخط ہوئے تھےگزشتہ روز وزارت اقتصادی امور اور واپڈا کے مابین مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کیلئے اڑھائی کروڑ ڈالر کے قرضہ کیلئے ذیلی معاہدہ ( ایس ایل اے )ہوا ہے معاہدے پر جمعہ کووزارت اقتصادی امور میں دستخط کئے گئے سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے وزارت اقتصادی امور جبکہ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ( ر ) سجاد غنی نے واپڈا کی نمائندگی کی کویت کے سفیرناصر عبدالرحمٰن جاسر المطیری بھی اس موقع پرموجودتھے ،کویت فنڈ کی جانب سے 10 کروڑڈالرکی مجموعی مالی تعاون چار مساوی قسطوں کے ذریعے فراہم کی جائیگی وزارت اقتصادی امورکے ترجمان نے بتایا کہ مہمند ڈیم بنیادی ڈھانچہ کاایک منصوبہ ہے جسے متعدد ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے 800 میگاواٹ کی نصب صلاحیت کیساتھ سالانہ تقریباً 2,862 گیگاواٹ بجلی پیدا ہوگی ، ڈیم میں تقریباً1,594 ملین کیوبک میٹر پانی کی گنجائش ہوگی جس سے آبپاشی کے پانی کی قابل اعتماد اور پائیدار فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔