لاپتہ شہری کیس ، دفاع اور داخلہ کے سیکرٹریز کو نوٹس جاری

15 جون ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ شہری خواجہ خورشید کی بازیابی کی درخواست پر سیکرٹری دفاع اور سیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ دونوں سیکرٹریز آئی ایس آئی ، ایم آئی اور ایف آئی اے سے معلوم کر کے رپورٹ جمع کرائیں ، سیکرٹری دفاع راولپنڈی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے سیکٹر کمانڈرز سے رپورٹ لے کرآگاہ کریں۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس محسن اختر کیانی نے لاپتہ شہری خواجہ خورشید کی اہلیہ خلیقہ خورشید کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار وکیل نے کہا کہ سائلہ کا شوہر خواجہ خورشید 7 جون سے لاپتہ ہے جس کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، اسے راولپنڈی سے جی 13 اسلام بلایا گیا تھا ، وہاں سے کوئی اٹھا کر لے گیا۔ انہوں نے عدالتی استفسار پر بتایا کہ یہ کشمیر وادی نیلم کا رہنے والا ہے ، یہ بھی احمد فرہاد کی طرح کا کیس ہے ، 8دن سے بندہ ٹریس نہیں ہو رہا ، کوئی در نہیں جو ہم نے چھوڑا ، کچھ پتہ نہیں چل رہا کہ وہ زندہ بھی ہے یا نہیں ، بچے پریشان ہیں ، عید آ رہی ہے ، آئندہ سماعت عید کے فوری بعد پہلے ورکنگ ڈے پر رکھ لیں۔