عید سے قبل مہنگائی میں اضافہ،19اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں،8سستی، ادارہ شماریات

15 جون ، 2024

لاہور،اسلام آباد (مانیٹر نگ ڈیسک،ایجنسیا ں) بجٹ پیش ہونے کے ساتھ اور عید سے قبل مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے،19اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں،8سستی ہوئیں ،ٹماٹر ،چکن ،بجلی،ایل پی جی،دال چنا،انڈے مہنگے ہوگئے،پیاز ، آٹا، چینی ،چاول اور لہسن کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ادارہ شماریا ت کی مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 1.30 فیصد کا اضافہ ہوا، ملک میں مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 23.03 فیصد ہوگئی، ایک ہفتے میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے 8 اشیا سستی اور 24 کی قیمتوں میں استحکام رہا، ایک ہفتے میں ٹماٹر 27.14 اور چکن 11.75 فیصد مہنگے ہوئے، بجلی چارجز 8.73 فیصد بڑھ گئے، ایل پی جی کی قیمتوں میں 6.14 فیصد کا اضافہ ہوا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ دال چنا 7.19 اورانڈے 3.70فیصد مہنگے ہوئے، کیلے 3.22 اور بیف کی قیمت میں 1.52 فیصد کا اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے دال مونگ، مٹن، سگریٹ اور انرجی سیور بھی مہنگے ہوئے، ایک ہفتے میں پیاز کی قیمت میں 5 فیصد کی کمی ہوئی، آٹا،چینی،چاول اور لہسن کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔