اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ‘ پی ٹی آئی کے 10 کارکن گرفتار

15 جون ، 2024

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کی رہائی کیلئے جمعہ کو ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت میں بھی احتجاج کی کال دی گئی۔ صدر اسلام آباد ریجن عامر مغل اور جنرل سیکرٹری تنویر قاضی کی قیادت میں خواتین سمیت کارکنوں نے نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر موجود پولیس نے بھی اپنی کارکردگی دیکھائی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مرتکب پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف نہ صرف آنسو گیس استعمال کی بلکہ ہلکے پھلکے لاٹھی چارج کے بعد عامرمسعود مغل، قاضی تنویر اور رفیق اعوان سمیت 10 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایڈووکیٹ شعیب شاہین پولیس کی پکڑ میں نہ آسکے اور گرفتاری سے بچ نکلے۔ گرفتار کارکنوں کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔