زندہ رہا تو دس دن میں عدت کیس کی اپیلوں کا فیصلہ کردونگا،جج

15 جون ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی دوران عدت نکاح کیس میں سزا کیخلاف اپیلیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے اور سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت 21 جون تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے۔ عدالت نے کہا کہ خاور مانیکا اور انکے وکیل آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کر دیا جائے گا۔ دوران سماعت وکیل صفائی کی سماعت آج بروز ہفتہ رکھنے کی استدعا پر فاضل جج نے ریمارکس دئیے کہ آج ممکن نہیں ، ضمانت کے کئی مقدمات ہیں ، زندہ رہا تو دس دن میں فیصلہ کر دوں گا۔ بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل ایڈووکیٹ اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ عدالت پیش کیا اور کہا کہ ڈائریکشن آ چکی ہے ، آج ہفتہ کیلئے کیس رکھ لیں۔ فاضل جج نے کہا  زندہ رہا تو 10دنوں میں فیصلہ کر دوں گا ، اگر دوسری پارٹی پیش نہ بھی ہوئی تب بھی فیصلہ کر دوں گا۔