قومی اہداف حصول کی مانیٹرنگ کیلئے نیشنل ٹارگٹنگ سنٹر قائم کرنیکا فیصلہ

15 جون ، 2024

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) قومی اہداف کے حصول کی مانیٹرنگ کیلئے نیشنل ٹارگیٹنگ سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف این ٹی سی فنانس بل کی منظوری کے فوری بعد بنایا جائے گا فنانس بل میں چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور اُنکی ٹیم نے کسٹمز ایکٹ 1969ء میں ایک اہم سیکشن سیکشن تھری سی سی کے بعد شامل کرنے کی تجویز دی ہے۔ نئی شق تھری سی سی ڈی میں چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ اس شق کے تحت ڈائریکٹریٹ جنرل آف نیشنل ٹارگیٹنگ سنٹر فنانس بل کی منظوری کے فوری بعد بنایا جائیگا۔ ڈائریکٹریٹ جنرل آف نیشنل ٹارگیٹنگ سنٹر (این ٹی سی) کو تشکیل دیا جائیگا جس میں ایک ڈائریکٹر جنرل ہونگے اور متعدد ڈائریکٹرز‘ ایڈیشنل ڈائریکٹرز‘ ڈپٹی ڈائریکٹرز‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے سرکاری گزٹ میں شامل کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق دوسرے افسران خدمات سرانجام دینگے۔ کسٹمز ایکٹ 1969ء کے سیکشن فائیو کا ذیلی سیکشن ایک تبدیل کرنے کی تجویز دیدی گئی ہے جس کے تحت بورڈ چیئرمین یا کسی بورڈ ممبر یا ڈائریکٹر جنرل کو بورڈ یا چیئرمین کے اختیارات استعمال کرنے کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مجاز ہوگا۔ اسی طرح کسی بھی کلکٹر آف کسٹمز کو کسٹمز ایکٹ کے تحت چیف کلکٹر کے اختیارات استعمال کرنے کا مجاز بنا سکے گا۔اسی طرح کسی بھی ایڈیشنل کلکٹر آف کسٹمز اور ڈپٹی کلکٹر آف کسٹمز کو کلکٹر کے اختیارات استعمال کرنے کا کسٹمز ایکٹ کے تحت نوٹیفکیشن جاری کیا جا سکے گا۔اسی طرح کی بھی ڈپٹی کلکٹر آف کسٹمز یا اسسٹنٹ کلکٹر آف کسٹمز کو ایڈیشنل کلکٹر آف کسٹمز کے اختیارات استعمال کرنے کا مجاز بنایا جا سکے گا۔ کسی اسسٹنٹ کلکٹر آف کسٹمز کو ڈپٹی کلکٹر آف کسٹمز کے اختیارات استعمال کرنے کی ذمہ داری سونپی جا سکے گی۔