چینی و روسی سفیروںکی امریکہ کی نام نہاد ’’ سمٹ فار ڈیموکریسی‘‘کی بھرپور مخالفت

29 نومبر ، 2021

نیو یا رک(جنگ نیوز)امریکہ میں چین کے سفیر چھن گانگ اور روس کے سفیر اے اینٹونوف نے ʼʼتمام ممالک کے عوام کے جمہوری حقوق کا احترام کرناʼʼکے عنوان سے ایک مشترکہ مضمون تحریر کیا ، جس میں امریکہ کی طرف سے منعقد کی جانے والی نام نہاد ʼʼسمٹ فار ڈیموکریسیʼʼکو سرد جنگ کے نظریات سے لبریز قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مخالفت کی گئی ہے۔ مضمون میں ʼʼاقدار کی سفارت کاریʼʼکی آڑ میں تصادم اور محاذ آرائی کو ہوا دینے کے سلسلے کو بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور تمام ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ باہمی احترام، تعاون اور مشترکہ مفادات پر مبنی بین الاقوامی تعلقات کے تصور پر عمل کریں ،مختلف سماجی نظاموں، مختلف نظریات، مختلف ثقافتوں اور ترقی کی مختلف منازل پر ممالک کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ جمہوریت کسی ایک ملک یا چند ممالک کی ملکیت نہیں ہے بلکہ تمام ممالک کے عوام کا حق ہے۔امن، ترقی، انصاف، جمہوریت اور آزادی تمام بنی نوع انسان کی مشترکہ اقدار ہیں۔ جمہوریت کا جائزہ لینے کے لیے سب سے بنیادی معیار یہ ہے کہ کیا عوام کو ملک کی حکمرانی میں وسیع پیمانے پر حصہ لینے کا حق حاصل ہے؟کیا عوام کے مطالبات کو پورا کیا جا تا ہے؟ اور کیا عوام کو احساسِ اطمینان و کامیابی حاصل ہے؟ مضمون میں واضح الفاظ میں بیان کیا گیا ہے کہ جمہوریت کو نہ صرف ملکی طرز حکمرانی بلکہ بین الاقوامی تعلقات میں بھی جھلکنا چاہیے۔