لاہور،اسلام آ باد ( خصوصی نمائندہ، نمائندہ جنگ ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ ،تاجک، بحرین اور آذربائیجان کے سربراہان سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کےعزم کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم کی عید الاضحیٰ کے موقع پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا گیا۔خطے میں عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ ،آذربائیجان کے صدرالہام علیوف کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا ۔ دریں اثنا ءوزیراعظم محمد شہبازشریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے کو سراہا جو مشترکہ اقدار، تاریخ اور ثقافتی وابستگیوں سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے مصائب کے خاتمے کے لیے امن کی کوششوں کو دوگنا کرے۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کی حمایت کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات اور آنے والے دنوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا ثبوت تھی۔ اس مقصد کے لیے، وزیراعظم نے صدر اردگان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی پرخلوص دعوت کا اعادہ کیا تاکہ اس موقع پر اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کنسلٹیٹو کونسل (HLSCC) کا ساتواں اجلاس بلایا جا سکے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہبازشریف اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اقدار اور ثقافتی وابستگیوں پر استوار پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات کو سراہا ۔ وزیراعظم نے گزشتہ برسوں میں مختلف شعبوں میں پاکستان کے لئے بحرین کی حمایت اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے لئے احترام اور نیک خواہشات پر شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون کو بڑھانے اور علاقائی امن و سلامتی کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا۔ 2014 میں شاہ حماد کے پاکستان کے تاریخی دورے کو یاد کرتے ہوئے،وزیر اعظم نے عزت مآب کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ٹیلی فون کال پاکستان اور بحرین کے درمیان گرمجوشی اور دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ادھر وزیراعظم محمد شہبازشریف اور آذربائیجان کے صدرالہام علییوف کے درمیان اتوار کے روز ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے عید کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور اس پرمسرت موقع پر دونوں ممالک کے عوام کے لیے اپنی اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد، امن اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجوں بالخصوص موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ ء خیال کیا۔ وزیر اعظم نے اس سال کے آخر میں باکو میں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز COP29 کی میزبانی پر صدر آذربائیجان کو مبارکباد پیش کی اور اس کانفرنس میں شرکت کی ذاتی دعوت دینے پر صدر علییوف کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان اقوام متحدہ، او آئی سی اور ای سی او سمیت کثیرالجہتی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے۔ دونوں رہنماؤں نے خصوصاً اس امر کو سراہا کہ دونوں ممالک اپنے اپنے بنیادی مسائل پر ایک دوسرے کو مستقل اور مضبوط حمایت فراہم کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے صدر علییوف کو جلد ہی پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔ صدر علیوف نے کہا کہ وہ جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اتوار کے روز تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور عید الاضحیٰ کے موقع پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے عید کے پرمسرت موقع پر صدر رحمان اور تاجکستان کے برادر عوام کو مبارکباد دی اور دونوں ممالک میں امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔صدر رحمان نے بھی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کو سراہا۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت، توانائی اور رابطوں کے ذریعے تعلقات کو بڑھانے کی اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے آستانہ میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے آئندہ سربراہی اجلاس پر بھی تبادلہء خیال کیا اور باہمی فائدہ مند علاقائی اتحاد اور تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہء خیال کیا اور مسلم دنیا کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر دونوں رہنماؤں کا ٹیلی فونک رابطہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مضبوط دوستی اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔ دریں اثنا وزیر اعظم سے قائم مقام ایرانی صدر محمد مخبر نے بھی رابطہ کیا اور انہیں عید الاضحی کی مبارکباد دی۔
لاہور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اقلیتوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات...
اسلام آ باد چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی زیر صدارت سنٹرل سلیکشن بورڈ کی کاروائی جمعہ کو آخری اورچوتھے...
انصار عباسی اسلام آباد : پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے فوج اور ملکی مفادات کیخلاف پارٹی کے آفیشل سوشل میڈیا...
کراچی امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ گرین کارڈ رکھنے والوں کو امریکا میں غیر معینہ مدت تک رہائش کا...
اسلام آباد وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں چینی وافر مقدار میں موجود ہے، بحران کے ذمہ داروں کو...
اسلام آبادپاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس کا واقعہ...
اسلام آبادایف بی آر نے آئی ایم ایف کو بتایا ہے کہ اس نے تاجر دوست اسکیم کے تحت خوردہ فروشوں، تھوک فروشوں...
اسلام آباد پاکستان اور آئی ایم ایف نے جمعہ کے روز پہلے جائزہ مذاکرات مکمل کر لیے ہیں، کامیاب مذاکرات سے...