رمی جمرات کے بعد لاکھوں حجاج کاطواف کعبہ

17 جون ، 2024

مکہ مکرمہ ( نیوز ایجنسی، جنگ نیوز ) دنیا بھر سے آئے 18 لاکھ سے زائد حجاج کرام نے جمرہ عقبہ میں رمی جمرات کے مناسک ادا کیے، حاجیوں نے شیطان کو کنکریاں ماریں، جمرات کی چاروں منزلوں پر ہلچل کے بغیر رمی ، سکیورٹی کے سخت انتظامات، حاجیوں نے حلق کروانے کے بعد احرام کھول دیئے، لاکھوں حجاجکی مسجد حرام آمد، ’طواف افاضہ‘ کیا، انتظامیہ نے حجاج کرام کی آسانی اور ان کے ہجوم کو قابو میں رکھنے کے لئے ہنگامی پلان پرعمل درآمد جاری رکھا۔ تفصیلات کے مطابق شیطان کو کنکریاں ماریں ،ا س موقع پر کئی دلچسپ واقعات بھی دیکھنے کو ملے، کئی لوگ غصے میں کنکریوں کے ساتھ ساتھ شیطان کو جوتے مار کر بھی اپنا غصہ نکالتے رہے جبکہ وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے مطابق ایک بزرگ نے چھرے والی بندوق سے پے درپے چھرے مار کر اپنا غصہ نکالا۔شیطان کو کنکریاں مارنے کا سلسلہ تین روز جاری رہے گا۔ دوسری طرف سعودی حکومت کے اداروں کی طرف سے حجاج کرام کو رمی جمرات کے موقع پر ہرممکن سہولت فراہم کی ہے۔حجاج کرام نے جمرات کی چاروں منزلوں پر بغیر ہجوم یا ہلچل کے رمی شروع کی۔ اس موقعے پر تمام حفاظتی، صحت، ہنگامی اور سول ڈیفنس کی خدمات فراہم کی گئیں۔حجاج کرام جمرہ عقبہ میں رمی کرنے کے بعدقربانی کی ‘ مرد حاجیوں نے حلق کرائے یعنی سر منڈوائے اور احرام کھول دیئے۔سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے بتایا کہ اس سال حج سیزن کے دوران 112,081 سے زائد عازمین کو ایمرجنسی، اسپتالوں میں داخلے اور آؤٹ پیشنٹ کلینک میں صحت کی خدمات فراہم کیں، 20 حاجیوں کی اوپن ہارٹ سرجری کی گئی،ہیٹ اسٹروک سے 569 افراد متاثر ہوچکے، طبی ٹیموں نے 230 کارڈیک کیتھیٹرائزیشن کے آپریشن کئے اور 819 ڈائیلاسز آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں اس سال کے حج میں سب سے بڑا چیلنج زیادہ درجہ حرارت ہے۔ اس دن گرمی اور ہیٹ اسٹروک کا سامنا کرنے والے حجاج کی تعداد اب تک تقریباً 569 تک پہنچ چکی ہے۔ سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے اعلان کیا کہ اس سال 1445 ہجری کے دوران حجاج کرام کی کل تعداد 18 لاکھ 33 ہزار 164 رہی ہے۔ ان میں سے 16 لاکھ 11 ہزار 310 عازمین حج دنیا بھر کے ملکوں سے حج کرنے تشریف لائے تھے۔ ملکی حجاج کرام کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 854 رہی۔ ان ملکی حجاج میں سعودی شہری اور سعودی رہائشی دونوں طرح کے افراد شامل ہیں۔اتھارٹی نے رواں سال کے حج کے لیے اپنے اعدادوشمار کے نتائج میں عندیہ دیا ہے کہ اندرون و بیرون ملک مقیم عازمین حج کی مجموعی تعداد میں سے مرد عازمین حج کی تعداد 9 لاکھ 58 ہزار 137 رہی اور خواتین کی تعداد 8 لاکھ 75 ہزار 27 رہی۔مملکت کے باہر سے آنے والے عازمین حج میں سے عرب ملکوں سے آنے والے عازمین کا تناسب 22 . 3 فیصد رہا۔ ایشیائی ممالک سے 63 . 3 فیصد، افریقی ملکوں سے 22 . 3 فیصد اور یورپی، شمالی و جنوبی امریکہ و آسٹریلیا سے آنے والے حجاج کرام کی تعداد 3 . 2 فیصد تھی۔مملکت سے باہر سے آنے والے عازمین حج میں سے 15 لاکھ 46 ہزار 345 ایئرپورٹس کے ذریعے پہنچے۔ 60 ہزار 251 حجاج کرام بری راستوں اور 4 ہزار 714 حجاج کرام بحری پورٹس سے سعودی عرب داخل ہوئے۔جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے 1445 ہجری یا 2024 عیسوی کے حج سیزن کے لیے شماریاتی اعداد و شمار اور اشارے جاری کرتے ہوئے انتظامی ریکارڈ کے اعداد و شمار پر انحصار کیا ہے۔