مصر اور قطر جلد غزہ میں جنگ بندی کوشش کو دوبارہ شروع کریں گے ،امریکہ ایک ایسی جنگ بندی تجویز کی گئی ہے جس کی مدت کم از کم 6ہفتے ہو گی ،مشیر قومی سلامتی جیک سلیوان

17 جون ، 2024

سوئٹزرلینڈ (اے پی پی) امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ مصر اور قطر جلد غزہ میں جنگ بندی کوشش کو دوبارہ شروع کریں گے تاکہ صدر جوبائیڈن کے منصوبے کے تحت معاہدہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار سوئٹزرلینڈ میں روس اور یوکرین کے درمیان امن پراسس کے سلسلے میں بلائی گئی امن کانفرنس کے دوران سائیڈ لائنز میں رپورٹروں سے گفتگو میں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ایسی جنگ بندی تجویز کی گئی ہے جس کی مدت کم از کم چھ ہفتے ہو گی ۔ جیک سلیوان کے مطابق جلد قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی سےدوبارہ اس بارے بات چیت ہو گی۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ مسئلے کے حل کے لئے ہر وقت راستہ اور امکان موجود رہتا ہے ، اس لیے اب اگلا قدم قطر اور مصر کے حکام کی طرف سے مذاکرات کی نئی کوشش ہو گی۔