55 فیصد شہری پنجاب حکومت کی کارکردگی سے خوش، سروے

17 جون ، 2024

لاہور (خصوصی نمائندہ،جنگ نیوز)وزیراعلیٰ مریم نوازکے اقتدار کے100دن ، سروے میں 55 فیصد شہری صوبائی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن،مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب عہدہ سنبھالے 100 روز ہوچکے ہیں اور وہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہیں۔عوامی آرا جاننے والے ادارے انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ (آئی پی او آر) نے مریم نواز کی 100 روز کی کارکردگی پر سروے کروایا ہے۔سروے میں صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے 18سال سے زائد عمرکے 2010لوگوں سے رابطہ کیا گیا جن میں 65 فیصد مرد اور 35 فیصد خواتین شامل تھیں، سروے میں شامل افراد کی اکثریت یعنی 60فیصد تعداد دیہی آبادی جبکہ 40فیصد شہری آبادی پر مشتمل تھی۔ سروے میں شامل 55 فیصد شہریوں نے حکومت کی 3 ماہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور سروے میں مریم نواز کی مقبولیت کے سوال پر 60فیصد نے کہا کہ 3ماہ میں ان کی مقبولیت بڑھی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے والد سے محبت کے عالمی دن پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ اپنی ہر کامیابی اپنے والد نواز شریف کے نام کرتی ہوں بہتر مستقبل یقینی بنانے کے لیے باپ کی قربانیوں کو تسلیم کیجیے۔دریں اثناء وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے انتظامات اور سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے،صوبے میں جانوروں کی آلائشیں نہروں اور نالوں میں پھینکنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔