پاک بحریہ کے جہازوں کا بحرین اور عمان کا دورہ،پاکستانی حکام نے استقبال کیا

29 نومبر ، 2021

اسلام آباد (وقائع نگار) پاک بحریہ کے جہاز دہشت، ایس وی بحر مساح اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہاز ہنگول نے بحرین اور عمان کا دورہ کیا، بحرین آمد پر پاک بحریہ کے جہازوں کا استقبال بحرین میں پاکستان کے اعلیٰ حکام نے کیا،مشن کمانڈر نے کمانڈنگ آفیسرز کے ہمراہ چیف آف بحرین نیول فورسز ریئر ایڈمرل محمد یوسف محمد، ڈپٹی کمانڈر رائل بحرین کوسٹ گارڈ کموڈور جاسم محمد الغاتم، کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورسز امریکی بحریہ وائس ایڈمرل بریڈ کوپر اور ڈپٹی کمانڈر سی ایم ایف کموڈور ایڈورڈ اہلگرین سے ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور میری ٹائم ڈومین میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف شعبوں میں مزید تعاون کی توثیق کی گئی، بندرگاہ کے دورہ کی تکمیل پر، پی این جہازوں نے رائل بحرین نیوی کے جہاز RBNS AL AREEN کیساتھ دو طرفہ مشقیں کیں جس کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو مزید بڑھانا ہے۔قبل ازیں پاک بحریہ کے جہازوں نے عمان کی بندرگاہ سلطان قابوس کا دورہ کیا، بندرگاہ پہنچنے پر عمان میں پاکستان کے دفاعی اتاشی اور عمان کی رائل نیوی کے افسران نے جہاز کا استقبال کیا، بندرگاہ پر قیام کے دوران پاک بحریہ کے مشن کمانڈر نے دفاعی اتاشی اور دورہ کرنیوالے جہازوں کے کمانڈنگ آفیسرز کے ہمراہ رائل نیوی آف عمان کے ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اینڈ پلانز کیپٹن جاسم محمد البلوشی سے ملاقات کی، سلطنت عمان کے 51ویں قومی دن کے موقع پر مشن کمانڈر نے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے عمان کے عوام کو تہنیتی پیغام پہنچایا، عمان کی مجلس شوریٰ اور مجلس الدولہ کے اراکین نے دیگر ممالک کے معززین اورفوجی نمائندوں کیساتھ پاک بحریہ کے جہازوں کا دورہ کیا، پاک بحریہ کے وفد نے عمان کے میری ٹائم سکیورٹی سنٹر کا بھی دورہ کیا جہاں میری ٹائم سکیورٹی بالخصوص انسدادسمگلنگ، انسداد منشیات اور انسداد انسانی سمگلنگ میں تعاون کے طریقوں پر غور کیا گیا، پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کے جہازوں کے عمان اور بحرین کے بندرگاہوں کے دورے برادر ممالک کیساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرینگے اور عرب دنیا کیساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینگے۔