نفرت پر مبنی نظریات نے معاشروں کو نقصان پہنچایا،سپیکر اسد قیصر

29 نومبر ، 2021

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جمہوریت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی عالمی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئےکہا کہ پاپولزم میں عالمی اضافے سے جمہوریت کے بنیادی اصولوں کو نقصان پہنچانے کا خطرہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی پی یو کی 143ویں کانفرنس کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو سپین کے شہر میڈریڈ میں جاری ہے ،سپیکر نے کہا کہ بات چیت، اتفاق رائے اور تعاون ہمارے کثیر الجہتی کام اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ضروری ہیں ،آج کے جدید دور میں شہری بے حد بااختیار ہو چکے ہیں، نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز نے معلومات کے خزانے تک رسائی کو کھول دیا ہے، شفافیت کو فروغ دیا ہے، اور شہری شراکت داری کی نئی راہیں کھول دی ہیں،نفرت پر مبنی نظریات نے معاشروں کو نقصان پہنچایا ہے جس کی وجہ سے معاشرے میں عدم برداشت بڑھتا جا رہا ہے،اصولوں اور عمل کے درمیان یہ بڑھتی ہوئی خلیج بہادر کشمیری عوام کی حالت زار سے گونجتی ہے۔ 05 اگست 2019 سے، قابض فاشسٹ بھارت نے وحشیانہ طاقت کے استعمال کے ذریعے کشمیریوں پر غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کا سلسلہ مسلط کر رکھا ہے،عصر حاضر کے چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے تین سطحوں پر عمل کرنے کی ضرورت ہے،ہمیں اپنے لوگوں کو تعلیم یافتہ اور بااختیار بنانے میں مزید سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے ،ملکی سطح پر قانونی، انتظامی اور پالیسی اصلاحات پر کام جاری رکھا جانا چاہیے تاکہ ہمارے سیاسی نظام کو مضبوط کیا جا سکے۔، بدعنوانی کا مقابلہ کرنے کے لیے خود احتسابی کے عمل کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، بین الاقوامی سطح پر عالمی گورننس کے نظام میں اصلاحات کی فوری ضرورت پر زور دیا ۔