سیاسی، دینی جماعتیں کشمیر بنے گا پاکستان ریلی میں بھرپور شرکت کرینگی

25 جون ، 2024

باغ (نمائندہ جنگ) مسلم کانفرنس کی تحریک پر باغ کی سیاسی، دینی جماعتیں، تجارتی، سماجی اور دیگر تنظیموں کے کارکن منگل کو اپنی حب الوطنی کے اظہار کیلئے کشمیر بنے گا پاکستان ریلی میں بھرپور شرکت کریں گے۔ مسلم کانفرنس ضلع باغ کے صدر سردار مشتاق نیئر اور دیگر عہدیداران نے عوامی رابطوں کا سلسلہ مکمل کرلیا، قومی یکجہتی کے حوالے سے ہڈا باڑی باغ کے بالمقابل واقع ہلڑ پل پر ایک پروقار ابتدائی تقریب کا انعقاد ہوگا، جس میں مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان، جمعیت علماء جموں وکشمیر کے صدر مولانا امتیاز احمد صدیقی، جمعیت اہلحدیث کے مرکزی نائب صدر مولانا محمداشرف، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا عطاء اللہ شاہ، مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سید عفیر حسین گردیزی، جماعت اسلامی کے مرکزی زعما اور دیگر جماعتوں کے مرکزی قائدین شرکت کریں گے جبکہ وزراء حکومت سردار میر اکبر خان، سردار قمرالزمان، سردار ضیاء القمر، بیگم امتیاز نسیم کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے جبکہ سابق صدر مسلم کانفرنس مرزا شفیق احمد جرال، سابق وزراء راجہ محمد یاسین کی شرکت بھی متوقع ہے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسویس ایشن باغ، انجمن تاجران، مہاجر تنظیموں، ملازمین کی تنظیم ہا، ممبران پریس کلب باغ ودیگر تنظیموں کے اراکین بھی ابتدائی تقریب میں شرکت کریں گے۔ کشمیر بنے گا پاکستان ریلی کے حوالے سے مختلف جگہوں پر بینرز آویزاں کر دیئے گئے ہیں، ہلڑ پل کے مقام پر منعقدہ تقریب میں پاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا جائے گا اور مختلف جماعتوں کے قائدین شرکاء ریلی سے مختصر خطاب کریں گے، اس کے بعد ریلی بائی پاس روڈ سے ہوتی ہوئی گیاری چوک پہنچے گی، جہاں سے بازار کے وسط میں واقع مین روڈ باغ ڈھلی سے ڈھلی کی جانب روانہ ہو جائے گی، راستے میں نصف درجن کے لگ بھگ چھوٹے بڑے بازاروں سے ہوتے ہوئے ڈھلی کے مقام پر پہنچے گی، جہاں پر اختتامی تقریب منعقد ہوگی۔