آزاد کشمیر کیلئے بجلی کی فراہمی پر سیلز ٹیکس وصولی کا تنازع برقرار

25 جون ، 2024

مظفر آباد(این این آئی)آزادکشمیر کیلئے بجلی کی فراہمی پر سیلز ٹیکس وصولی سے متعلق پاورڈویژن اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے درمیان تنازع کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی تک پہنچ گیا جبکہ پاور ڈویژن نے تنازع حل کرنے کیلئے ای سی سی سے مدد مانگ لی ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکومتی ذرائع نے بتایا کہ ای سی سی نے سیلز ٹیکس وصولی کامعاملہ حل کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے سیکرٹری پاور، سیکرٹری خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر کو ٹاسک دے دیا اور انہیں معاملے پر اجلاس بلاکر تجاویز دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے آزاد کشمیر کیلئے بجلی فراہمی پر سیلز ٹیکس استثنا تسلیم نہیں کیا، پاور ڈویژن آزاد کشمیر کیلئے بجلی کی فراہمی پر سیلز ٹیکس وصولی کے حق میں نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق پاو رڈویژن، واپڈا اور آزاد کشمیر کے درمیان منگلا ڈیم ریزنگ معاہدہ 23 جون2023 کو ہوا تھا جس کے تحت یہ طے پایا تھا کہ آزادکشمیر کو بجلی فراہمی پرسیلز ٹیکس کا اطلاق نہیں ہوگا۔