عالمی ادارے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم بند کروانے کیلئے کردار ادا کریں، حریت رہنما

25 جون ، 2024

مظفرآباد(جنگ نیوز )کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان کےسیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے تشدد اور ایزا رسانی کے متاثرین کیساتھ یکجہتی کے عالمی دن پرکشمیریوں کیساتھ ہمدردی و یکجہتی اور ان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت تمام انسانیت سے پیار کرنے والی اقوام اور انسانی حقوق کے علمبردار مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے انسانیت سوز ایذا رسانی و تشدد کو جرم قرار دے کر کشمیریوں پر تشدد میں ملوث بھارتی فورسز کو قرار واقعی سزا دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں حراستی ہلاکتوں، بھارتی فورسز کے بنائے گئے سینکڑوں حراستی مراکز میں ایذا رسانی و تشدد کے واقعات عام ہیں، ان مراکز میں ہزاروں کشمیری حریت قائدین و کار کنوں پر انتہائی بہیمانہ و سفاکانہ تشدد کیا جاتا ہے اور اس تشدد کے نتیجے میں سینکڑوں کشمیری اپاہیج بنا دیئے گئے ہیں۔ کئی عالمی اداروں نے اِس کو ثبوتوں کیساتھ رپورٹ بھی کیا ہے مگر آج تک بھارت کو کہٹرے میں نہیں لایا گیااور اس طرح بھارت جیسے انسانیت سے عاری ملک کو چھوٹ دیکر نہتے کشمیریوں پر کھلا تشدد کرنے کی لائسنس فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے انصاف دینے والے ادارے بھی کشمیریوں کیساتھ انتہائی تعصب روا رکھے ہوئے ہیں۔