پاکستان کے مسائل کا حل نظام خلافت راشدہ میں مضمر ہے، مفتی کفایت

25 جون ، 2024

ہٹیاں بالا (نمائندہ جنگ) جمعیت علمائے اسلام ضلع جہلم ویلی کے زیر اہتمام یونین کونسل سینا دامن کے علاقہ باٹ بنی میں ایک روزہ سالانہ عظیم الشان خلافت راشدہ کانفرنس زیر سرپرستی بزرگ عالم دین مولانا پروفیسر الطاف حسین صدیقی اور زیر صدارت مولانا فرید احمد منعقد ہوئی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی سابق ایم پی اے و جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے رہنماء مفتی کفایت اللہ تھے، کانفرنس سے پاکستان کے معروف ثناء خواں سید اعجاز حسین کاظمی، مولانا گل احمد الاظہری، مولانا قاری یاسین، قاری محمد اسماعیل، حافظ عبدالشکور حسان، مولانا ساجد، قاری جمیل احمد، قاری اشفاق ربانی، حافظ کامران، ممبر یونین کونسل عبدالغفور صمد، مولانا نذیر نظامی کے علاوہ دیگر علمائے کرام نے خطاب کیا۔ نظام خلافت راشدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما و سابق ایم پی اے مفتی کفایت اللہ نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ مسائل کا حل نظام خلافت راشدہ میں مضمر ہے، ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں تین سو چوروں کی فہرست بنی تھی، تب بھی اس فہرست میں کوئی عالم دین موجود نہیں تھا، جنرل پرویز مشرف کے دور میں آٹھ ہزار آٹھ سو چوروں کی فہرست بنی، اس میں بھی کوئی عالم موجود نہیں تھا ،پاکستان کے علمائے کرام خلافت راشدہ پر یقین رکھتے ہیں نظام خلافت راشدہ کو سمجھ کر ہی حکمرانی کی جا سکتی ہے۔