کپواڑہ جیل دھماکے میں زخمی قیدی نے ہسپتال میں دم توڑ دیا

25 جون ، 2024

سری نگر (اے پی پی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکی کپواڑہ جیل میں ایک دھماکے میں زخمی ہونے والا قیدی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 19جون کو کپواڑہ جیل میں گیس سلنڈرکے ایک دھماکے میں کم از کم 9قیدی زخمی ہوئے تھے۔ تمام زخمیوں کو کپواڑہ کے اسپتال منتقل کیا گیا اور ان میں سے ایک پیر کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، جس کی شناخت سوپور کے شاہنواز احمد شاہ کے طور پر کی گئی ہے۔ ابتدائی طورپر بتایا گیا کہ دھماکہ گیس سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے ہواجبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔